ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سردمہری جاری رہی تو سیاسی پارٹی بناکر اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا وِچار منچ کا فیصلہ

سردمہری جاری رہی تو سیاسی پارٹی بناکر اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا وِچار منچ کا فیصلہ

Sun, 12 Feb 2017 10:33:24  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ، 11فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عبد القیوم انصاری وِچار منچ کے بانی اور قومی صدر محمد ترغیب عالم انصاری نے بہار کی عظیم اتحادحکومت کے ذریعہ انصاری برادری کوبڑے پیمانے پر نظر انداز کئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اگر حکومت نے اس طبقہ کوبورڈاورکارپوریشنوں میں مناسب نمائندگی دے کر تلافی نہیں کی تو عبد القیوم انصاری وِچار منچ بڑے پیمانے پر احتجاج کرے گا اور آئندہ بہار اسمبلی انتخابات میں سیاسی پارٹی بنا کر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔مسٹر انصاری آج یہاں مقامی آئی ایم اے ہال میں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بہار میں انصاری برادری کی آبادی تقریبا 54 فیصد ہے لیکن قانون سازیہ میں اس کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر ازم کے نام پر عظیم اتحاد حکومت نے انصاری برادری کا یکمشت ووٹ حاصل کر لیا لیکن اس طبقہ کو حکومت میں نمائندگی نہیں دی، یہاں تک کہ سیٹنگ ممبر اسمبلی کو بھی ٹکٹ سے محروم کر دیا۔انہوں نے کہا کہ بہار ریاست کے قیام کے بعد سے ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بہار اسمبلی میں ایک بھی انصاری نمائندہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اعلیٰ طبقے کے مسلمانوں کا غلبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن حکومت انصاری برادری کو آبادی کے تناسب میں نمائندگی دے ورنہ آئندہ انتخابات میں مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کو شکست دینے کا کام کیا جا ئے گا۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیدکر کی جینتی کے موقع پر14 اپریل 2017 کو انصاری برادری کے ذریعہ سوابھیمان ریلی کا انعقاد پٹنہ میں کیا جائے گا۔انہوں نے مذہب کے نام پر مسلمانوں کو ریزرویشن دیئے جانے کا مطالبہ اور کوشش کی بھی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ آئین کے بالکل خلاف ہے۔ پریس کانفرنس میں ریاستی صدر محمد مستقیم انصاری، عبد القیوم انصاری (ریواڑا)، عشرت انصاری، جاوید انصاری (مکارِم چک)، اسرار الحق انصاری، رضوان علی اور ساجد حسین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
 


Share: